پاکستانی فلمساز صائم صادق کی آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ پر پاکستان میں ریلیز سے قبل ہی سنسر بورڈ نے پابندی لگادی ہے۔
بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ پاکستان میں ریلیز سے قبل تنقید کی زد میں آگئی، فلم 18 نومبر کو پاکستان میں ریلیز ہونی تھی، تاہم اس سے قبل ہی جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے موضوع کی بنیاد پر فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے اور ایسی فلموں کے ذریعے پاکستان کے معاشرتی اقدار پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سینسر بورڈ کی جانب سے فلم کو سرٹیفیکٹ جاری کردیا گیا تھا تاہم 11 نومبر کو وفاقی وزارت اطلاعات نے اسی کی نمائش یہ کہہ کر منسوخ کردی کہ فلم میں ’قابل اعتراض مواد‘ موجود ہے۔
تاہم، اب وزیراعظم میاں شہباز شریف کے اسٹریٹیجک ریفارم یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ جوائے لینڈ کی نمائش پر پابندی کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو متعلقہ شکایات کے علاوہ پاکستان میں نمائش کے میرٹس کا بھی جائزہ لے گی۔
I personally do not believe in banning films that highlight issues faced by marginalized segments of our society. People should be trusted to watch & make their own mind.
I will request my friend @Marriyum_A to see if it’s possible to review the ban & meet the team #Joyland
— Salman Sufi (Get New Covid Booster Today) (@SalmanSufi7) November 12, 2022
وزیر اعظم آفس سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فلم کیخلاف شکایات موصول ہونے کے بعد وزیر قانون کی نگرانی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، چیئرمین پی ٹی اے اور پیمرا، وزراء برائے کمیونیکیشن، سرمایہ کاری، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اوروزیر اعظم کے مشیربرائے امور گلگت بلتستان شامل ہوں گے۔ کمیٹی اپنی سفارشات آج 15 نومبر کو پیش کرے گی۔
قبل ازیں جب فلم کی نمائش پر پابندی لگائی گئی تھی اُس کے بعد متعدد معروف شخصیات کی جانب سے اس پابندی کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔