ساحلوں کے نگہبانوں (کوسٹ گارڈز) نے اسمگلروں کے خلاف مختلف مقامات پر کارروائی میں بھاری مقدار میں حشیش برآمد کر کے مبینہ اسمگلر گرفتار کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وندر(بلوچستان) کے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی آنے والے پیاز سے لدے ٹرک سے 72.5کلو گرام اعلیٰ معیار کی حشیش(چرس)برآمد کر کے اسمگلرکوگرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی ایک اور کارروائی کے دوران ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے کوچ میں سوار ایک مسافرکی تلاشی کے دوران 3.5کلو گرام اعلیٰ معیار کی حشیش برآ مدکر کے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔ پکڑی جانے والی منشیات،پیازاور ٹرک کی مالیت13 کروڑ 21 لاکھ 30 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔
برآمد شدہ منشیات، ٹرک اور اسمگلرزکو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔
ساحلی پٹی سے متصل کوسٹل ہائی وے پر ساحلوں کے نگہبانوں کا پہرا رہتا ہے۔ مشکوک گاڑیوں اور افراد کو چیک کر کے متعدد اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ کوئی بھی اسمگلر بچ کر نہ نکل سکے۔پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔