چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا، اس موقعے پر آرمی چیف کو لاہور کور کی آپریشنل تیاریوں اور فوج کے پیشہ ورانہ و تربیتی وامورپر بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل نے کور ہیڈ کوارٹر لاہور کے دورے کے موقعے پر لاہور کور کی فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔ تربیتی امور پر بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔
راوی پراجیکٹ، وزیر اعظم عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنیکا فیصلہ
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لاہور کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، طلبہ اور اساتذہ نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے مفید شہری تیار کرنے میں تعلیمی اداروں کے کردار کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، ماحولیات کے شعبہ جات میں انسانی وسائل کو ترقی اورفروغ دینا ضروری ہے۔ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات پھیلانا معاشرے کی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ قوم کو دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ قوم کے باصلاحیت نوجوان کاروباری سوچ رکھتے ہیں، نوجوانوں کو سازگار ماحول دیا جائے تو ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔