کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے محکمۂ پولیس میں 6000 خالی اسامیوں پر بھرتی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی وفاداری صوبے کے عوام کے ساتھ ہونی چاہئے۔
شہرِ قائد میں وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے اے ایس آئیز کو آفر لیٹر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 310 اے ایس آئیز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہیں آفر لیٹرز دئیے جا رہے ہیں۔
خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اے ایس آئی کا عہدہ محکمۂ پولیس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ 30 پینتیس سال کے کیرئیر میں ایمانداری سے کام کرنے والے اے ایس آئی ڈی آئی جی بن سکتے ہیں۔
پولیس اسامیوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب بھی سندھ پولیس میں 6000 پولیس اسامیاں خالی ہیں۔ محکمۂ پولیس کو ہدایت کرتا ہوں کہ ان میں نئی بھرتی شروع کی جائے۔
میرٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے۔ آج آفر لیٹر پانے والے اے ایس آئی بھی میرٹ پر مقرر ہوئے، اس لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں لیٹر دئیے جائیں گے۔
تقرری کے طریقہ کار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسامیوں پر تقرری کا طریقہ کار اتنا طویل ہے کہ سروس جوائن کرتے وقت ملازم ریٹائرمنٹ کے قریب آجاتے ہیں۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری، صوبائی وزراء، سیکریٹری داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی موجودگی میں اے ایس آئیز میں آفر لیٹرز تقسیم کیے۔
https://www.instagram.com/p/B8xxbEvAjgp/?igshid=1l4lbixvdo796