کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہاکہ کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
شاندار کیریئر پر کرس گیل کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ نئی جنریشن کے پوری دنیا کے کھلاڑیوں کو کرس گیل نے بہت متاثر کیا۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق وکٹ کیپر بلے باز مارک باؤچر نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونا کڑوی گولی نگلنے جیسا ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست تو دی تاہم اپنے 5 میں سے 4 گروپ میچز جیتنے کے باوجود پروٹیز نیٹ رن ریٹ پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے اور آسٹریلیا بہتر اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی نہیں ہے کیونکہ آپ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں، یہ کڑوی گولی نگلنے جیسا ہے۔
مارک باؤچر کا کہنا تھا ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی، پہلا میچ ہارنے کے باوجود ہم نے دباؤ میں اچھی کرکٹ کھیلی، ہم نے سخت محنت کی اور وائٹ بال کی ان فام ٹیم کو شکست دی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو 130 رنز تک محدود کرنا تھا لیکن انگش ٹیم 179 تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
مزید پڑھیں: کرس گیل نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا