ایمازون پرائم ویڈیو پر سوہا علی خان اور نشرت بھروچا کی خوفناک فلم چھوری 2 نے عوام کی نیندیں حرام کردی ہیں، فلم گزشتہ روز سے ایمازون پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے فلم پر اظہارِ رائے شروع کردیا ہے۔ متعدد افراد نے اداکاروں کی پرفارمنس کی کھل کر تعریف کی جبکہ بعض مداحوں نے فلم کی کہانی اور اس میں چائلڈ میرج کے معاملے کو اٹھائے جانے کو بھی سراہا ہے۔
رواں ماہ ریلیز کیے گئے چھوری 2 کے آفیشل ٹریلر کو بھی عوام کی بڑی تعداد نے یوٹیوب پر دیکھا۔ قدیم دور کے ایک مہاراجا کے ہاں ایک بچی پیدا ہوتی ہے جسے وہ لوگ اپنی زبان میں چھوری کہتے ہیں جبکہ لڑکے کی پیدائش کی آس رکھنے والے راجا کو لڑکی پسند نہیں آتی۔
یوٹیوبر اور فلمی ناقد دیکشا شرما نے بھی اپنے یوٹیوب چینل فلمی انڈین پر فلم کی کھل کر تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ یہ فلم دکھاوے کے طور پر آپ کو خوفزدہ نہیں کرے گی بلکہ نیندیں حرام کردے گی کیونکہ اس میں کامیڈی نہیں، نہ ہی گلیمر کا تڑکا لگایا گیا ہے بلکہ یہ ایک ڈارک ہارر فلم ہے۔
فلم کی کہانی ساکشی کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار نشرت بھروچا نے نبھایا ہے جو اپنی 7 سالہ بیٹی کو توہم پرست افراد سے بچانے کی کوشش کرتی ہے جو اسے معاشرتی برائیوں اور مافوق الفطرت قوتوں کا سامنا کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
چھوری 2 میں سوہا علی خان نے داسی ماں کا کردار نبھایا ہے جبکہ دیگر فنکاروں میں جتیندر کمار، سوربھ گویل، پلوی پٹیل، کلدیپ سارین اور شایم گوپال شامل ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے فلم کی کہانی کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک اچھی ہارر فلم قرار دیا ہے۔