اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو نیم خودمختار ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں تبدیل کر دے گا۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین اور کمپنی کے دیگر عہدیداران نے ایک لائیو اسٹریم میں چیٹ جی پی ٹی کے اس نئے ایجنٹ ٹول کو استعمال کرکے دکھایا۔
انہوں نے دکھایا کہ کس طرح یہ نیا ٹول اوپن اے آئی کے آپریٹر ٹول کی طرح کام کرتا ہے جبکہ اس میں ڈیپ ریسرچ فیچر کو بھی مدغم کیا گیا ہے۔
یہ چیٹ جی پی ٹی ایجنٹ آپ کے کمپیوٹر پر تحریری پروموٹ اور اکاؤنٹس کے ذریعے حقیقی دنیا کے ٹاسک مکمل کرسکتا ہے۔
مثال کے طور پر یہ آپ کے کیلنڈر کو منیج کر سکتا ہے، پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کو چلا سکتا ہے اور ویب سائٹس میں اس طرح سرچ کرسکتا ہے جیسے کوئی فرد کرتا ہے۔
اس نئے چیٹ جی پی ٹی ایجنٹ کو فی الحال ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی پرو، پلس یا ٹیم کے صارفین اس فیچر کو چیٹ جی پی ٹی ٹول مینیو میں ایجنٹ موڈ کے ذریعے متحرک کرسکتے ہیں۔
درحقیقت یہ چیٹ جی پی ٹی کا کوئی نیا عام فیچر نہیں بلکہ یہ اس اے آئی چیٹ بوٹ کو مکمل طور پر بدل دے گا۔
عام طور پر آپ چیٹ جی پی ٹی سے کوئی سوال پوچھتے ہیں جس کا جواب موصول ہوتا ہے، جس کے بعد کوئی اور ایپ اوپن کرکے اس جواب پر مبنی اقدام کرتے ہیں۔
مگر اب آپ چیٹ جی پی ٹی کو ہی ہدایت کرسکیں گے کہ آپ کسی دوسرے شہر میں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو وہاں کسی مناسب کرائے والے ہوٹلوں کو دریافت کرکے ان کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں بتائے، جس کے بعد اے آئی چیٹ بوٹ ایسا کرے گا۔
اگرچہ اس فیچر میں آپریٹر اور ڈیپ سرچ کو باہم ملایا گیا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ کچھ منفرد بھی ہے کیونکہ ہر ٹاسک کو آسانی سے مکمل کرلیتا ہے۔
جیسے آپ اسے کہیں کہ کسی ریسٹورنٹ میں ٹیبل ریزرو کردے تو وہ نہ صرف مختلف ریسٹورنٹس کے آپشنز فراہم کرے گا بلکہ کیلنڈر دیکھ کر بتائے گا کہ آپ کے پاس وہاں جانے کے لیے کب وقت ہوگا۔
یہ اے آئی ایجنٹ ویب براؤزر، کمپیوٹر فائلز اور سافٹ وئیر کو بھی کنٹرول کرسکے گا۔