معروف شوبز شخصیات نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی دوپٹہ پہنے بغیر احتجاج میں شرکت پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکار یاسر حسین کے بعد معروف مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ اور فنکارہ متھیرا نے بھی ان لوگوں پر شدید تنقید کی جو ماہرہ خان کے دوپٹہ نہ پہننے پر غصے کا اظہار کرتے نظر آئے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں معروف مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ نے تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کی کلاس لیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو دوپٹہ نظر نہیں آیا، انہیں عقل کہاں سے نظر آئے گی؟
احمدعلی بٹ نے کہا کہ شرم اپنی نظر میں ڈھونڈیں، عورت کے لباس میں نہیں۔ ان کلمات کی تعریف کرتے ہوئے اداکارہ ژالے سرحدی نے کہا کہ جبھی تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ لوگ زیادہ تر اپنی توجہ فضول باتوں پر مرکوز رکھتے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ متھیرا نے بھی احمد علی بٹ کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ماہرہ خان نے دوپٹہ نہیں پہنا تھا تو آپ لوگوں نے اس طرف دیکھا ہی کیوں؟َ کسی اور کے ساتھ انصاف کرنے سے قبل آئینہ دیکھیں اور اپنا احتساب کریں۔
قبل ازیں اداکارہ ماہرہ خان نے دیگر شوبز شخصیات کے ہمراہ فلسطین کے حق میں کراچی میں منعقد کیے گئے احتجاج میں حصہ لیا جس کا مقصد مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار تھا تاہم سوشل میڈیا صارفین نے فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی بجائے ماہرہ خان پر تنقید کو ترجیح دی۔
یہ بھی پڑھیں: فرینڈز ری یونین کی ویڈیو میں میتھیو پیری کی انٹری، مداحوں میں تشویش