نگراں وزیراعظم کا نام آج فائنل کیا جائے گا، وزیراعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کا نام آج فائنل کیا جائے گا۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حیرانگی ہے کہ صدر مملکت کو نگراں وزیراعظم کے تقرر کے عمل کا علم نہیں، تین دن پارلیمانی کمیٹی، دو دن کا وقت الیکشن کے پاس بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ صدر صاحب کو اتنی جلدی کیوں ہے، انھیں خط لکھنے سے پہلے کل کا انتظار کرنا چاہئیے تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں 16 ماہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 38 سالہ سیاسی زندگی میں اتنی مشکلات کا سامنا نہیں کیا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہمارے لیے چیلنج تھا اگر معاہدہ نہ ہوتا تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، افراتفری ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں:

نگراں وزیراعظم کا تقرر، وزیراعظم اور راجہ ریاض کی آج پھر ملاقات ہوگی

شہباز شریف نے کہا کہ اتحادیوں اور ٹیم ورک نے ملک کو مشکلات سے نکالا جبکہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا، خارجہ محاذ پر تباہی کی، چیئرمین پی ٹی آئی نے غلط الزامات لگا کر امریکا سے تعلقات کو ختم کیا ہم نے بڑی محنت سے امریکا سے تعلقات کو استوار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز ششریف نے مہنگائی تین فیصد جبکہ پی ٹی آئی نے 12 فیصد پر چھوڑی۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے نے وزیراعظم میاں محمد شہبار شریف، اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ریاض احمد کو لکھا تھا جس میں ان سے 12 اگست تک نگراں وزیراعظم کا نام دینے کے لیے کہا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 224 ون اے کے تحت صدر مملکت، وزیراعظم اور قائد ِحزب ِاختلاف کے مشورے سے نگران وزیرِ اعظم کی تعیناتی کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ آئین کے تحت وزیرِ اعظم اور قائدِ حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 3 دن کے اندر نگراں وزیرِ اعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے۔

Related Posts