نیو یارک: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقعے پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقعے پر نیو یارک میں ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران پاک ایران تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کینیڈا نے بھارت کے متعلق جو کہا، اس پر حیرت نہیں ہوئی۔سائرس قاضی
ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نگران وزیرا عظم نے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
پاک ایران سربراہانِ مملکت کی ملاقات کے دوران نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مند بارڈر مارکیٹ کے حالیہ افتتاح سمیت دیگر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سرحدی علاقوں کی اقتصادی ترقی کیلئے مفید ثابت ہوں گے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے کام کرنے کے اجتماعی عزم کے ٹھوس اظہار کے طور پر بھی ایسے اقدامات کارگر ثابت ہوں گے۔ پاکستان اور ایران کو علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینا ہوگا۔