بیجنگ: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دورۂ چین کے دوران چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں گرین انرجی کے شعبے میں مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم نے چینی تھنک ٹینکس اور اسکالرز سے خطاب کے دوران چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس 100 فیصد مہنگی کرنیکی تیاری کرلی
خطاب کے دوران نگران وزیر اعظم نے کہا کہ دو طرفہ مباحثے میں شمولیت میرے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ آج سی پیک کو 10 سال مکمل ہوگئے۔ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر فعال ہیں جبکہ سی پیک ایک انقلابی منصوبے کا نام ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں سی پیک کے باعث پاکستان کے سماجی منظر نامے میں تبدیلی آئی۔ میرا تعلق نسبتاً کم ترقی یافتہ صوبے بلوچستان سے ہے۔ سی پیک بلوچستان کیلئے بھی ترقی اور خوشحالی کا پیغام لانے والا منصوبہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوچکی ہے اب سرکاری ادارے مہنگائی کم کرائیں۔
گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی ہے، متعلقہ حکام کو قیمتوں کے کنٹرول کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔