کراچی : سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بد عنوان افسران غیر قانونی تعمیرات کی تحریری درخواست دینے والے سائل کی جان کے دشمن بن گئے، بلڈر سے رشوت وصول کرکے شہری کی تفصیلات فراہم کردیں۔
گلبرگ ٹاؤن کے رہائشی محمد ذیشان ولدعبدالوحید نے ایس بی سی اے کو درخواست دی تھی کہ عزیز آباد میںمکان نمبر R.550پر غیر قانونی فلیٹس تعمیر ہو رہے ہیں جس پر ایس بی سی اے افسران نے بلڈر سے پہلے سے طے شدہ حصے کے علاوہ مزید نذرانہ وصول کرلیا۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست پر عمل نہ کرنے کی شکایت کی تو ایس بی سی اے کا عملہ اور افسران پلاٹ نمبرR.550 پر پہنچ گئے اور بلڈر کو ڈرا دھمکا کر کہا کہ اب تو یہ عمارت منہدم کر کے ہی جائیں گے کیوں کہ اوپر سے حکم ملا ہے ۔
بلڈر نے ایک بار پھر جب مبینہ طور پر 10 لاکھ مزید دینے کی پیشکش کی تو افسران نے حامی بھر لی اور رقم وصول کر لی ،بلڈر ہارون نے افسران سے درخواست گزار کا نام اور پتہ بھی معلوم کر لیا اور ایس بی سی اے افسران کی روانگی کے بعد درخواست گزار محمد ذیشان کے پاس جا کر اسے جان سے مارنے سمیت نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیں۔
مزید پڑھیں:غیر قانونی تعمیرات کی اجازت، بلڈنگ کنٹرول افسران نے سیکڑوں زندگیاں داؤ پر لگادیں