کراچی میں سمندری طوفان کے خدشے کے پیشِ نظر کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا جبکہ کمشنر کراچی نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان کے خدشے کے پیشِ نظر کمشنر کراچی نے آج عام تعطیل کا اعلان کردیا جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر اور کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی، نجی تعلیمی ادارے پہلے ہی تعطیل کا اعلان کرچکے ہیں۔
بحیرۂ عرب میں بننے والا سمندری طوفان تیزی سے کراچی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے باعث دونوں بندرگاہوں پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
دونوں بندرگاہوں کی برتھ پر کھڑے جہازوں کے انجن اسٹارٹ رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے چند کلومیٹر کی دوری پر ہے جس کا رخ شہرِ قائد کی طرف ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان کی صورت میں کراچی میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ شہر بھر میں بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ گزشتہ شب سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان گلاب کی آمد کے پیشِ نظر تیز اور طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی جو گزشتہ روز شام کے وقت سے شروع ہوگئی۔
گزشتہ روز محکمۂ موسمیات نے سمندری طوفان گلاب کی آمد سے خبردار کردیا جو یکم اکتوبر کو ملک کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے، محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ ہوا کا کم دباؤ بھارتی شہر گجرات کے جنوبی علاقے میں موجود ہے۔
مزید پڑھیں: سمندری طوفان کی آمد، ساحلی علاقوں میں تیز بارش کی پیشگوئی