بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے متعلق دو روز قبل گردش کرنے والی خبروں نے ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا تھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں اور علاج کے لیے امریکا جا رہے ہیں تاہم اب ان تمام خبروں کی تردید سامنے آ گئی ہے اور شاہ رخ خان پوری طرح محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہ رخ خان کو معروف ہدایتکار سدھارتھ آنند کی فلم کنگ کے سیٹ پر حادثہ پیش آیا جس سے ان کی کمر میں چوٹ آئی۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ وہ امریکا روانہ ہو گئے ہیں اور جلد ہی آرام و علاج کے لیے برطانیہ منتقل ہوں گے۔ ان خبروں نے ان کے کروڑوں مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے اداکار سے قریبی ذرائع کے حوالے سے ان افواہوں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان گزشتہ کئی برسوں میں مختلف فلموں کی شوٹنگ کے دوران معمولی چوٹیں برداشت کر چکے ہیں جن کے اثرات وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہتے ہیں لیکن اس بار ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان ہر سال امریکہ معمول کے طبی معائنے اور فزیوتھراپی کے لیے جاتے ہیں، اور رواں سال بھی جولائی کے دوسرے ہفتے میں وہ اسی مقصد کے لیے امریکا روانہ ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ اسی ماہ کے اختتام تک واپس آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے حالیہ برسوں میں بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے ایک بار پھر بالی ووڈ میں اپنی بادشاہت قائم کر رکھی ہے اور فلم کنگ ان کی آنے والی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں سے ایک ہے جس کا ان کے مداح شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔