بھارت کے بڑے شہروں امرتسر، ممبئی، دہلی اور گجرات میں اچانک بجلی بند کر دی گئی ، ایمرجنسی سائرن بجنے لگے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق بھارتی میڈیا سے حاصل اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ امرتسر کی مقامی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے: ’’گھبرائیں نہیں، گھروں سے باہر جمع نہ ہوں۔‘‘
رپورٹس کے مطابق ممبئی، دہلی اور گجرات میں بھی بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے اور ایمرجنسی سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بلیک آؤٹ بھارت کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
دہلی کے اہم مقامات جیسے انڈیا گیٹ، اکشردھام مندر، ممبئی کے مخصوص حصے، بہار کے شہر پٹنہ اور گجرات کے علاقے سورت سمیت تمام مقامات پر بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا ہے۔
یہ اقدام بھارت کی جانب سے 7 مئی 2025 کو پاکستان پر کیے گئے میزائل حملے کے بعد پیدا ہونے والی قومی سلامتی کی غیرمعمولی صورتحال سے جڑا ہوا نظر آتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارت کے ایٹمی ہمسایہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں یہ اچانک بلیک آؤٹ ممکنہ جوابی فضائی یا میزائل حملوں کے خدشے کے تحت ایک پیشگی حفاظتی اقدام ہے۔
ایمرجنسی سائرن، شہریوں کو گھروں میں محدود رکھنے کی سرکاری ہدایات اور رات کے وقت روشنی کم کرنے جیسے اقدامات عام طور پر جنگی یا ہائی الرٹ حالات میں کیے جاتے ہیں تاکہ دشمن کو نشانہ بنانے میں دشواری ہو۔