چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے راز کھولتے ہوئے کہا ہے کہ پانی ایس آئی ایف سی کا مسئلہ نہیں ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے مثبت انداز میں نئی نہروں کے حوالے سے حکومت کو خبردار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئی نہروں کے فیصلے سے وفاق پر ایک نشان لگ رہا ہے۔ اس لیے معاملے کو متفقہ طور پر حل ہونا چاہئے۔ اس فیصلے پر سندھ کو بہت سے خدشات ہیں۔
بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے معاملے پر متفقہ فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کو افطار ڈنر کے موقعے پر پارٹی کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ صوبائی حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے کو صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی پرواہ نہیں ہے۔ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کو خود دیکھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی خاموشی کا بیانیہ سفید جھوٹ ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ایک سال سے نہیں ہوا۔ گرین پاکستان کا منصوبہ تو پی پی پی کی ہی تجویز ہے۔ پانی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، جس پر پی پی پی آواز اٹھا رہی ہے۔