واشنگٹن: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا کا دورہ کامیاب رہا جس کے دوران حکومت کا اوّلین مقصد سیلاب متاثرین کی مدد کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے بہت کام کرنا ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے جتنے بھی اقدامات اٹھائے جائیں، ناکافی ہوں گے۔
آڈیو لیکس معاملے پر اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کی منظوری
پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک سیلاب زدگان کیلئے جتنی بھی امداد ملی ہے، اس کیلئے عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان میں سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں جس کی وجہ سے اب ملک کو اجناس کے بحران کا بھی سامنا ہے۔
ملک کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا پہلا اور سیاست بعد کا کام ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہئے۔ہمارا امریکا کا دورہ کامیاب رہا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا کے دورے کے موقعے پر وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقعے پر پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کو سرِ فہرست رکھا۔
انہوں نے کہا کہ دورۂ امریکا کا پہلا مقصد سیلاب متاثرین کی مدد کرنا تھا۔ ہمارا ایجنڈا پاکستان کے امریکا سے تعلقات کی بہتری بھی تھا۔امریکا سے تعلقات کی اپنی تاریخ ہے۔ تجارت، زراعت، صحت اور دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت کا امکان ہے۔