اسلام آباد: پاکستان نے چین کے شہر وہان میں موجود سینکڑوں پاکستانی طلباء کو کرونا وائرس سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ہم نے چین میں موجود پاکستانی طلباء کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کردیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہم نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ ہدایات پر عمل کریں اور صبر سے کام لیں۔ جو لوگ پاکستانی سفارت خانے سے رجسٹرڈ نہیں، وہ رجسٹریشن کروالیں۔
معاونِ خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے سے رجسٹریشن کے لیے آپ کو pakbj.org کی ویب سائٹ وزٹ کرنے کے بعد آن لائن فارم پر کرنا ہوگا۔ ہم صورتحال کو باریکی سے دیکھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میں چین کے شہر وہان میں موجود تقریباً 500 طلباء کے لواحقین کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم نے چین میں پاکستانی سفیر سے اس مسئلے پر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی طلباء چین میں خیریت سے ہیں۔ انہیں کرونا وائرس سے کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ ہمارا سفارت خانہ ان سے رابطے میں ہے۔
177/ Pk Students in China have been informed about the protective measures & they should follow the instructions & be patient. Those still not registered with🇵🇰 Embassy in Beijing should do so at https://t.co/c7IKMIaSfn Be assured we are closely monitoring the situation.
— Zafar Mirza (@zfrmrza) January 26, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل چینی مرکز برائے انسدادِ امراض و بچاؤ (سی سی ڈی سی پی) نے کرونا وائرس سے بچاؤ اور تحفظ کے لیے ویکسین بنانا شروع کردی۔
کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسین بنانے کی خبر سب سے پہلے چینی اخبار میں گزشتہ روز شائع ہوئی۔ اخبار کے مطابق سائنسدانوں نے وائرس کو جسم سے الگ کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں: چینی ماہرینِ صحت نے کرونا ویکسین بنانا شروع کردی