کراچی: بینک دولت پاکستان پیر یکم جنوری 2024ء کو ”بینک تعطیل” کے موقع پر عوام سے لین دین کے لیے بند رہے گا۔ لہٰذا، تمام بینک/ ترقیاتی مالی ادارے/ مائکرو فنانس بینک مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین کے لیے بند رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بینکوں / ترقیاتی مالی اداروں / مائکروفنانس بینکوں کے تمام ملازمین حسبِ معمول دفتر میں حاضر ہوں گے۔
دوسری جانب بینک دولتِ پاکستان کی جانب سے آج جاری کردہ گورنر کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2022-23ء کے مطابق متعدد بیرونی اور ملکی معاشی دھچکوں (shocks)کے باعث مالی سال 2023ء غیر معمولی طور پر ہمت آزما رہا، جسے دیرینہ ساختی کمزوریوں نے مزید دشوار بنادیا، اور معاشی سرگرمیوں میں سکڑاؤ کے حالات میں مہنگائی مسلسل بلند سطح پر رہی۔
اس سال مون سون کے تباہ کن سیلاب کے وسیع پیمانے پر اثرات دیکھے گئے، جبکہ عالمی سطح پر اجناس کی بلند قیمتوں، تخمینے سے کم مالیاتی یکجائی (fiscal consolidation) اور آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے نویں جائزے میں تاخیر نے بیرونی کھاتے پر دباؤ بڑھادیا تھا۔
اسٹیٹ بینک نےگورنر کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2022-23ء جاری کردی
گورنر کی سالانہ رپورٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء (جنوری 2022ء تک ترمیم شدہ) کے سیکشن 39(1) کے مطابق شائع کی جاتی ہے، جس کے تحت گورنر، اسٹیٹ بینک کے مقاصد، زری پالیسی کی تشکیل، معیشت اور مالی نظام کی کیفیت کے بارے میں سالانہ رپورٹ مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) میں جمع کرانے کے پابند ہیں۔