بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کی انتظامیہ نے ایک ہنگامی عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے آج سے مؤثر، ہر رات شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل بلیک آؤٹ کا اعلان کیا ہے۔
یہ ہدایت حکومت پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے تناظر میں جاری کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ بھارتی جارحیت کے باعث پیدا ہونے والی شدید کشیدگی اور جاری دشمنانہ سرگرمیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل ہائی الرٹ پر ہیں اور قومی سرحدوں و اہم تنصیبات کی بھرپور حفاظت کر رہی ہیں۔
بلیک آؤٹ کے دوران تمام اسٹریٹ لائٹس بند رکھی جائیں گی۔تمام رہائشی بیرونی اور سامنے والی روشنیاں بند رکھیں۔صرف ضروری اندرونی روشنی استعمال کریں اور کھڑکیوں کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ باہر سے کم از کم روشنی دکھائی دے۔
بلیک آؤٹ کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت اور سفر سے گریز کریں۔صرف مستند سرکاری ذرائع یا بحریہ ٹاؤن کے مواصلاتی چینلز سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ایک اہم حفاظتی ضرورت ہے بلکہ قومی یکجہتی اور اتحاد کی علامت بھی ہے۔
تمام رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس نازک وقت میں سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی کوششوں کا حصہ بنیں۔