لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی عالمی رینکنگ کا اعلان کردیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے ٹرویس ہیڈ 874 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ کپتان بابراعظم 2 درجے ترقی پاکر 862 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے سٹیو اسمتھ 2 درجہ تنزلی کے بعد 855 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ مارنوس لبوشین 849 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔
حمزہ الیاس کا ورلڈ انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز
اگر بابر سری لنکا کے خلاف 16 جولائی سے شروع ہونے والی آئندہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کیلئے ولیمسن کو چیلنج کرسکتے ہیں۔
ٹاپ 10 ٹیسٹ باؤلرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف سیریز میں ان ایکشن ہوں گے، وہ ایک درجہ ترقی پاکر چھٹی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ بھارت کے روی ایشون 860 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے، وہ بدستور 886 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ فخر زمان اور امام الحق تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے جبکہ محمد رضوان اور کپتان بابراعظم بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔