لاہور:میزبان ملک انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ساتھی کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیریز کا اچھا آغاز نہیں کرسکے،ابتدا میں وکٹیں جلد گرنے کے بعد شراکتیں قائم کرنا مشکل ہوگیا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے میں انگلش بولرز کو کریڈٹ دوں گا جنھوں نے کنڈیشنز کا بہترین استعمال کیا۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑی سہل پسندی کا شکار نہیں ہوئے، سب کو اندازہ تھا کہ عالمی نمبر ون ملک کی ٹیم کیخلاف میچ کھیل رہے ہیں۔ہمیں سخت چیلنج درپیش ہوگا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ صرف مجھ پر ٹیم کی بیٹنگ کا انحصار نہیں، فخرزمان اور امام الحق نے بھی جنوبی افریقہ میں اچھی اننگز کھیلی ہیں،ہر میچ میں تمام کھلاڑی رنز نہیں بنا سکتے، فخرزمان نے پہلے ون ڈے میں اچھی اننگز کھیلی ہے۔
قومی کپتان نے کہا کہ سب نے اپنی سو فیصد صلاحیتوں کے اظہار کی کوشش کی مگر ہمارا ایک بْرا دن تھا، دوسرے میچ میں کم بیک کریں گے،میں کھلاڑیوں سے کہوں گا گھبرانا نہیں،ان کا اعتماد واپس لانے کی کوشش کروں گا۔
مزید پڑھیں: پہلے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی