پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سکھر سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعظم سواتی کو خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچادیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس پی اسلام آباد پولیس رخسار مہدی سینیٹر اعظم سواتی کو اپنے ساتھ لے کر شہرِ اقتدار پہنچے ہیں۔
عدالت کا اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار نہ کرنیکا حکم
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
آج سے 3روز قبل سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سینیٹر کو مزید مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا منظور کرنے کے بعد ہدایات جاری کیں۔
اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے سندھ میں پی ٹی آئی سینیٹر کی گرفتاری کے خلاف نئی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔ جسٹس اے کے آغا نے 2 رکنی ججز بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران سیینٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کے علاوہ حلیم عادل شیخ اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اعظم سواتی کو مزید کیسز میں گرفتار نہ کیا جائے۔