جمیکا: آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی ٹی20 سیریز کے دوسرے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔
یہ میچ ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار آل راؤنڈر آندرے رسل کے بین الاقوامی کیریئر کا الوداعی میچ تھالیکن آسٹریلوی ٹیم نے ان کے جذباتی لمحے کو ایک سخت شکست میں بدل دیا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ کپتان شائے ہوپ، روو مین پاول اور شمرون ہٹمائر نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم آسٹریلوی گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو بڑے مجموعے سے روکے رکھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے 15اعشاریہ 2 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا کر ہدف با آسانی حاصل کر لیا گیا۔
وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلیس نے صرف 33 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ان کے علاوہ کپتان مچل مارش اور کیمرون گرین نے بھی اہم شراکتیں فراہم کیں۔
یہ میچ آسٹریلیا کے نوجوان اسپنر میتھیو کوہنیمن کا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو بھی تھا۔ وہ اس سے قبل آسٹریلیا کے لیے پانچ ٹیسٹ اور چار ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔
آسٹریلیا نے اپنے اسکواڈ میں رد و بدل کرتے ہوئے ٹم ڈیوڈ کو بھی ٹیم میں واپس شامل کیا، جبکہ فریزر مکگرک اور شان ایبٹ کو ڈراپ کیا گیا۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی فتح کے بعد ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور آندرے رسل کو ان کے الوداعی میچ میں جیت کا تحفہ دینے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔
سیریز کا تیسرا میچ سینٹ کٹس میں کھیلا جائے گا جہاں ویسٹ انڈیز سیریز میں واپسی کی کوشش کرے گی، جبکہ آسٹریلیا فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لیے پرجوش ہے۔