اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں جبکہ مظلوم فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ حملوں کے نتیجے میں 15ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ حماس حملوں کے 17 روز بعد بھی تھم نہ سکا۔ حالیہ فضائی حملے کے نتیجے میں الشطی پناہ گزین کیمپ میں موجود درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے جس سے شہادتیں 5ہزار سے تجاوز کر گئیں۔
اہل غزہ کی حمایت پر اسرائیل کا تعلیمی نصاب سے سویڈش کارکن کا تذکرہ نکالنے کا اعلان
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ شہید ہونے والوں میں 2000فلسطینی بچے اور 1000 خواتین بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینی نوجوان شہید کردئیے تھے۔
مغربی کنارے میں اب تک 10سے زائد نوجوان جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 2 روز قبل اسرائیل نے غزہ کے شمالی علاقوں سے انخلا کی دھمکی ایک بار پھر دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی غزہ منتقل نہ ہونے والوں کو حماس کا حامی سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی تحریکِ مزاحمت (حماس) نے دو ضعیف اسرائیلی خواتین کو رہا کردیا۔ ترجمان حماس ونگ ابوعبیدہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ خواتین کو انسانی ہمدردی اور خراب صحت کے باعث رہائی دے دی گئی ہے۔
رہا کی گئی خواتین کی شناخت 85سالہ اوشیوڈ لشفڈز اور 79سالہ نوریت کوپر کے ناموں سے ہوئی۔ حماس کا کہنا تھا کہ دشمن نے خواتین کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے اور ہمارے قیدیوں کی رہائی کا معاملہ تاحال نظر انداز کیا جارہا ہے، اس کے باوجود ہم اسرائیلی قیدیوں کو رہائی دے رہے ہیں۔