اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق انتخابات منعقد کرے گا۔ مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنی ہوتی ہیں۔
جیل کاٹنے والوں کی سیاسی ٹریننگ ہورہی ہے۔بلاول بھٹوزرداری
بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور تمام کمیشن اراکین پر مکمل اعتماد ہے۔ نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبے جلد تکمیل تک پہنچائے۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے۔ ہمیں سیاست کی بجائے معیشت کی پہلے فکر ہونی چاہئے۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
گزشتہ روز چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن سے 90 سے 120روز کے اندر الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے اپنی 4سالہ کارکردگی سے اپنی ساکھ عوام کے سامنے ثابت کردی ہے۔
بعد ازاں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیل کاٹنے والے نہ گھبرائیں، ان کی سیاست کی ٹریننگ ہورہی ہے۔ اب آپ کو سیاست دان بنایا جارہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کل ہم سن رہے ہیں کہ کچھ سیاست دانوں کو جیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہیں پیغام اور حوصلہ دیتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔