لاہور: قومی ہیرو ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے میں سلور میڈل جیت کر وطن واپس پہنچ گئے ہیں جہاں لاہور ائیرپورٹ پر ان کا شاندا استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وطن واپسی پر مداحوں نے ارشد ندیم کو پھولوں کے ہار پہنائے۔قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا۔ شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
ارشد ندیم جیولین تھرو میں سلور میڈل جیتنے میں کامیاب
ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ہمارے کوچز نے شاندار پریکٹس کرائی۔ عالمی معیار کی کوچنگ ہماری ضرورت ہے۔ پاکستان میں جیولین تھرو کی ٹریننگ کیلئے گراؤنڈ موجود نہیں۔
عالمی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا کہ اگر مزید سرپرستی کی جائے تو اور اچھا کھیل پیش کرسکتے ہیں۔ میں پیرس اولمپکس میں بھی ملک کی نمائندگی کروں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولین تھرو فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل جیت لیا۔
ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ گولڈ میڈل بھارت کے نیرج چوپڑا کے نام رہا۔ انہوں نے 88.17 تھرو کی بدولت یہ اعزاز اپنے نام کیا۔