سری نگر: آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے خلاف گھناؤنے جنگی جرائم اور مظلوم کشمیریوں پر بد ترین مظالم میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج دنیا بھر میں عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقعے پر اپنے پیغام میں اے پی ایچ سی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں منظم نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، مذہبی اور سیاسی حقوق سے انکار کے علاوہ بے گناہ کشمیریوں پر تشدد بھی جاری ہے۔
انسانی حقوق کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور کردہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے مطابق حقوق حاصل نہیں جس پر افسوس ہے۔
ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ بھارت جیسے ظالم ممالک کو جو ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے عوام کے خلاف گھناؤنے جنگی جرائم میں ملوث ہیں، بین الاقوامی عدالتِ انصاف اور عالمی جنگی ٹریبونل میں مقدمے کا سامنا کرنا چاہئے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد انسانوں کے مختلف طبقات میں مساوات اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔