کراچی کے علاقے ملیر ٹنکی مارکیٹ کے قریب آر سی ڈی گراؤنڈ کی جانب جانے والی سڑک پر ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے ایک موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ جائے وقوعہ پر موجود افراد کے مطابق فوری طور پر متوفی کی شناخت ممکن نہ رہی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈمپر نے نہایت بےاحتیاطی اور غفلت سے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری، جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تاہم بعد ازاں شناختی کارڈ کے مطابق جاںبحق شخص کی شناخت باقر سعید کے نام سے ہوئی۔
حادثے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور ٹریفک جام ہو گیا۔ مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف شدید غصے کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ڈمپرز کی اندھی دوڑ کو فوری روکا جائے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اور شہر کے دیگر علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر تیز رفتار اور بےقانون ڈمپرز کئی قیمتی جانیں نگل رہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس تاخیر سے پہنچی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی غفلت، غیر قانونی طور پر چلنے والے بھاری گاڑیوں کی زیادتی، اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز کی موجودگی اس طرح کے المناک واقعات کا سبب بن رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے حکومتِ سندھ، ٹریفک پولیس، اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ پورے شہر میں بھاری ٹریفک پر سخت پابندی عائد کی جائے۔