بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک اور افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں سیاہ کاری کے الزام میں ایک باپ نے اپنی ہی بیٹی اور بھانجے کی جان لے لی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ قمبرانی روڈ پر پیش آیا جہاں عبد اللطیف نامی شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی نازنین اور بھانجے غلام قادر پر فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزم عبد اللطیف جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کیچی بیگ تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیکل اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقتولین کے اہل خانہ سے بھی بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں تاکہ اصل محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں بلوچستان میں یہ دوسرا ایسا واقعہ ہے جس میں غیرت یا سیاہ کاری کے الزامات کے تحت افراد کو قتل کیا گیا۔
اس سے قبل بانو اور احسان کے قتل جیسے واقعات نے بھی انسانی حقوق کے حلقوں اور شہری سوسائٹی کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔