ثانوی تعلیمی بورڈ نے کراچی میں میٹرک کے سالانہ عملی (پریکٹیکل) امتحانات 8 اگست تک ملتوی کردیے ہییں جبکہ یونیورسٹیز بھی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق کراچی میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا ہے جس کے تحت میٹرک کے ہونے والے عملی امتحانات 8 اگست تک ملتوی کردیے گئے ہیں نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چیئرمین بورڈ ثانوی تعلیمی بورڈ سید شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث نویں اور دسویں جماعت سائنس و جنرل گروپ (ریگولر) کے سالانہ عملی امتحانات 2021ء اب نئے شیڈول کے تحت 9 سے 17 اگست تک لئے جائیں گے۔
انہوں نے الحاق شدہ اسکولوں کے سربراہان کو کہا ہے کہ وہ پریکٹیکل امتحانات کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں اور طلبہ و طالبات کو ماسک کا استعمال لازمی کرائیں، ساتھ ہی سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے محکمہ یونیورسٹیز بورڈ کی جانب سے بھی شہر بھر کی تمام یونیورسٹیز کو 8 اگست تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے نفاذ پر تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیز، ڈگری کالجز، انسٹیٹیوٹس بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 31 جولائی سے 8 اگست کے دوران یونیورسٹیز اور کالجز کی سطح پر ہونیوالے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
سندھ حکومت نے کراچی میں کرونا وائرس ڈیلٹا ویرینٹ کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہفتہ 31 جولائی سے اتوار 8 اگست تک شہر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان طالبان کو طاقت کے ذریعے افغانستان پر قبضے سے روکے، امریکی وزیر خارجہ