بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ عالیہ بھٹ رواں برس عالمی شہرت یافتہ کانز فلم فیسٹیول 2025 میں اپنا پہلا شاندار ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں جہاں وہ لوریل پیرس کی عالمی سفیر کے طور پر ریڈ کارپٹ کی رونق بڑھائیں گی۔
عالیہ بھٹ، جو اب لوریل پیرس کی عالمی ایمبیسیڈر بن چکی ہیں، ایشوریا رائے بچن کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گی جو کہ طویل عرصے سے اس برانڈ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
کانز فلم فیسٹیول 2025 کا انعقاد 13 مئی سے 24 مئی تک ہوگا، جس میں عالیہ کے ساتھ دیگر عالمی شہرت یافتہ لوریل ایمبیسیڈرز بھی شامل ہوں گی جن میں ایوا لونگوریا، ویولا ڈیوس، جین فونڈا، آجا ناؤمی کنگ، اینڈی میکڈاؤل، سیمون ایشلے، ایلی فیننگ، بیبے ویو اور ایسالٹ شامل ہیں۔
عالیہ بھٹ نے کانز میں اپنے ڈیبیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلا موقع ہمیشہ خاص ہوتی ہے اور میں اس سال کانز فلم فیسٹیول میں اپنے پہلے قدم کے لیے بے حد پرجوش ہوں، یہ سینما اور خود اظہار کی ایک علامتی تقریب ہے۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں لوریل پیرس کی نمائندگی کر رہی ہوں
انہوں نے کہا کہ “میرے نزدیک خوبصورتی کا مطلب ہے انفرادیت، اعتماد اور خود کی قدر کو سراہنا۔ خوبصورتی کی کوئی حد نہیں، ہر فرد کی اپنی پہچان ہوتی ہے۔ میں اس برانڈ کے ساتھ کھڑی ہوں جو ہر عورت کے سفر کو سراہتا ہے اور انہیں اپنے نُور میں چمکنے کی طاقت دیتا ہے۔”
عالیہ بھٹ کے لیے سال 2025 کئی دلچسپ منصوبوں سے بھرپور ہے۔ وہ شیو روآیل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “الفا” میں جلوہ گر ہوں گی جو 25 دسمبر 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وہ سنجے لیلا بھنسالی کی متوقع فلم “لو اینڈ وار” میں بھی مرکزی کردار ادا کریں گی، جس میں ان کے ہمراہ ان کے شوہر رنبیر کپور اور اداکار وکی کوشل بھی نظر آئیں گے۔