کرائسٹ چرچ: پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا ہے کہ شاہینز ٹیم اپنی توانائی میچز کے دوران بہترین کارکردگی پر خرچ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستان شاہینز اسکواڈ کا اعلان ہونے کے بعد ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ کہ نیوزی لینڈ کے خلاف واحد 4 روزہ میچ اورپھر اس سے قبل متعدد پریکٹس سیشنز اور انٹر ا اسکواڈ پریکٹس میچ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا ہے۔
پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ میچز کا مقصد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی تیاری میں ان کی بھرپور معاونت بھی کرنا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ کی منسوخی پر مایوسی ضرورہوئی تاہم خوشی ہے کہ پاکستان کے متعدد مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹرز 17 دسمبر سے وانگرائے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔
شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ مایہ ناز کرکٹرز کی نمائندگی سے میچ کی اہمیت اور پروفائل میں اضافہ ہوگا۔قرنطینہ کا یہ وقت ٹف تھا، اس سے قبل ہم میں سے کسی کو اس کا تجربہ نہیں تھامگر ہم ان مشکل حالات پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اب اپنی تمام تر توانائیاں کرکٹ کی پریکٹس اور پھر میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خرچ کریں گے۔
ہیڈ کوچ پاکستان شاہینز نے کہا کہ ہم اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھا کر بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتے ہیں اور اس کے لیے کرکٹ کی بہترین سہولیات کے حامل ملک نیوزی لینڈ سے بہترجگہ کوئی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں بعض قواعد سے پاکستانی کھلاڑی ذہنی و جسمانی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ہم مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ میں کھلاڑی ذہنی و جسمانی طور پر متاثر ہوئے۔مصباح الحق