احمد آباد میں ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے افسوسناک حادثے کے بعد، بھارت کی معروف خاتون نجومی آسٹو شرمِشتہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، جن کی چند روز پرانی پیشگوئی حیران کن حد تک درست ثابت ہوئی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جو شرمِشتہ نے 5 جون کو پوسٹ کی تھی۔ اس ویڈیو میں وہ نہایت یقین سے ایک بڑے فضائی حادثے کی پیشگوئی کرتی نظر آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آج بھی اپنی اس پیشگوئی پر قائم ہوں کہ 2025 میں ایوی ایشن سیکٹر کو بڑا سانحہ دیکھنا پڑ سکتا ہے۔
حادثے کے چند ہی دن بعد، اُن کی یہ ویڈیو دوبارہ سامنے آئی تو سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا۔ صارفین کی جانب سے حیرت، تجسس اور تعریف کا امتزاج دیکھنے کو ملا۔
ایک صارف نے لکھا کہ اتنی درست پیشگوئی آخر آپ کیسے کر لیتی ہیں؟ یہ واقعی ناقابلِ یقین ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ آپ کی پیشن گوئیاں ہمیشہ سچ کیوں نکلتی ہیں؟ لگتا ہے آپ کے پاس کوئی خاص طاقت ہے۔
جہاں شرمِشتہ کی پیشگوئیوں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، وہیں کچھ حلقے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ایسے المناک واقعات کو روحانی پیشگوئیوں کے بجائے احتساب، تحقیق اور اصلاحی اقدامات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
کیا یہ صرف اتفاق تھا یا واقعی ستاروں کی چال میں چھپی تھی تباہی کی پیشگی اطلاع؟ سوشل میڈیا اس وقت دو رائے میں بٹا ہوا ہے۔