کراچی: نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس گرائے جانے کے بعد نیب حرکت میں آگیا، مزار قائد کے اطراف سیکورٹی رسک کے پیشِ نظر ایک مرتبہ پھر غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لے لیا۔
آئندہ چند روز میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھیجے گئے مراسلے میں نشاندہی کے باوجود مذکورہ عمارتوں پر نوٹس نہ لینے کے اسباب طلب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل نیب کی جانب سے مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کی شکایت پر مزار کے اطراف چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی تعمیرات سے متعلق رپورٹ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھیجی گئی تھی۔
جس میں متعدد عمارتوں کوخلاف ضابطہ تعمیرات کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا جو مزار کی گنبد سے بلند سطح پر بنائی گئیں تھیں، اس ضمن میں گذشتہ چند ماہ میں کسی قسم کی کارروائی سامنے نہ آ نے پر نیب حکام نے ایس بی سی اے سے جواب طلب کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آئندہ چند روز میں ڈی جی نیب کراچی کی جانب سے ڈی جی ایس بی سی اے کو تمام تر امور پر مشتمل ایک خط ارسال کیا جائے گا جس میں مزار قائد کے اطراف غیر قانونی تعمیرات سے متعلق تفصیلات طلب کی جائیں گیں۔
مزید پڑھیں: سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا معاملہ الجھ گیا، نیا نوٹی فکیشن جاری