کراچی: ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، جبکہ ایک مکان پر چھاپے کے دوران پانچ رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتارکرلیا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع پر شاہ لطیف میں ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ پانچ رکنی گروہ شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چھینتے/چوری کرتے تھے۔
ملزمان چوری/چھینی گئی کاریں اندرون سندھ اور بلوچستان سپلائی کرتے تھے۔عرفان بہادر نے بتایاکہ ملزمان نے چوری/چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پارٹس مختلف کباڑیوں اور دکانداروں کو فروخت کرنے کا انکشاف بھی کیاہے۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور موبائل فونز برآمدہوئے ہیں،پولیس نے مکان کے احاطے میں موجود چوری شدہ 02 موٹرسائیکلیں اور 13 موٹرسائیکلوں کے چیچز اور ایک کرولا کار تحویل میں لے لی۔
ملزمان سے برآمد کرولا کار کچھ روز قبل تھانہ شاہ لطیف کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔ ملزمان میں آٹو مکینک بھی شامل ہے۔ ملزمان نے 15 سے زائد کاریں اور 50 سے زائد موٹرسائیکلیں چوری/چھیننے کا اعتراف کیاہے۔
ملزمان کی نشاندہی پر چوری/ڈکیتی کا مال خریدنے والے کباڑیوں اور دکانداروں کو گرفتار کیا جائیگا۔ ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے، ملزمان پہلے بھی کئی بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ناظم جوکھیو کی تفتیش کا رخ تبدیل، مزید 3 ملزمان گرفتار، جام اویس کا پروٹوکول ختم