اسلام آباد: پاکستان کے قائم مقام سیکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کو حقِ رائے دہی دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قائم مقام سیکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے نمائندوں کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے جنوبی ایشیا کے امن کو مسئلۂ کشمیر کے حل سے مشروط قرار دیا۔
زلزلہ زدہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔پاکستان
بریفنگ کے دوران قائم مقام سیکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کومقبوضہ کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد پر مجبور کرے تاکہ کشمیریوں کو ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کا احساس ہوسکے۔
قائم مقام سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے تنازعے کے پر امن حل پر منحصر ہے۔ ضروری ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے اور 5اگست2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لے۔
سیکریٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے کشمیر پر بھارت کا ظلم اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے غیر قانونی کوششیں کر رہا ہے۔