کراچی: امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مولانا نعمان نعیم کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔
42 سالہ عیسائی خاتون ٹیفنی سلسیٹ اسمتھ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آئیں اور اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مولانا نعمان نعیم نے نومسلمہ کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور نومسلمہ کا عائشہ امینہ نام تجویز کرکے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم اور جامعہ بنوریہ کے امریکن فاضل اور انسٹی ٹیوٹ آف نالج امریکا کے صدر نعمان شیخ سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے مولانا نعمان نعیم نے کہاکہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو شروع سے اپنی حقیقی شکل و صورت میں برقرار ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈوں کے باوجود آئے روز سیکڑوں غیرمسلم اسلام قبول کررہے ہیں، اسلام نے خاتون کو عزت و عظمت سے نوازا ہے آج دنیا میں خواتین حقوق سے محروم ہیں تو اسلام سے دوری کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو بڑی پیشکش کردی