کراچی کے ضلع ملیر میں شادی کی تقریب میں مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کی جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، گرفتار افراد کو چھڑانے کیلئے مشتعل باراتیوں نے تھانے پر حملہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بااثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔ گرفتار افراد کو چھڑانے کیلئے مشتعل باراتیوں نے تھانے پر حملہ کیا۔ ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ ایس پی ملیر کے دفتر کے قریب شادی کی تقریب ہورہی تھی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق بااثر خاتون شکیلہ اپنے آپ کو پی پی پی کا علاقائی رہنما بتاتی ہیں۔ ہوائی فائرنگ کے باعث پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کیا جنہیں ایس پی آفس لایا گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو چھڑانے کیلئے 50سے 60 باراتیوں نے ایس پی آفس پر دھاوا بول دیا۔
اس دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور ایس پی ملیر کے آفس میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ 2 گرفتار افراد پولیس کی حراست سے بازیاب کرالیے گئے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ 3 افراد تاحال گرفتار ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ حملے میں ملوث افراد قبضہ مافیا سے تعلق رکھتے ہیں۔
گلستانِ جوہر میں شوہر نے ناراض بیوی پر تیزاب پھینک کر اسے زخمی کردیا۔ ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے خاتون کے شوہر سمیت 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زیر تعمیر گھر میں چھاپہ، 14 سالہ لڑکے کی لاش برآمد، ملزم گرفتار