سکھر: مختلف محکموں اور اداروں سے نکالے گئے برطرف ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین نے سپریم کورٹ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
سکھرمیں سوئی گیس،اسٹیٹ لائیف ،یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ،سول ایوی ایشن ،او جی ڈی سی ایل،پی ایس او و دیگر اداروں و محکموں سے نکالے گئے سیکڑوں کی تعداد میں برطرف ملازمین نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر اپنی برطرفیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین کی قیادت خادم حسین شیخ ،جاوید قریشی،بدرماکو،مختیار شاہ و دیگر نے کی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملازم ایکٹ بل کے خاتمے کے فیصلے سے ملک میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہو گیا ہے اس لیے اس صورتحال کا چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں اور ہمارا احتجاج بھی ان کی توجہ دلانے کے لیے ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ ملازم ایکٹ بل ختم کرنے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ملک کے لاکھوں ملازمین اور ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی سے بچائے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بڑے پیمانے پر پختون کلچر ڈے منانے کی تیاریاں مکمل