راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغانستان میں نئے طالبان جنم لے چکے ہیں، جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطےمیں تجارت ممکن نہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں برسراقتدار ہے، اب جلد ہی آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔
ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں۔ قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔
کشمیر کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم پر کی جانے والی تنقید کے سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم اور بلاول کی جماعتیں آزادکشمیر میں الیکشن ہارنے جارہی ہیں، جس کی وجہ سے وہ دھاندلی کا شورکر رہے ہیں، مریم اوربلاول بھٹو زرداری بےہودہ زبان کا استعمال کررہے ہیں، مریم نواز غیرذمہ دارانہ زبان استعمال کررہی ہیں، انہیں اپنے لب و لہجے پر غور کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:طالبان کا افغانستان کے سیکڑوں علاقوں پر قبضہ، اشرف غنی کہاں حکومت کرینگے؟