اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ظلم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے مظلوم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مدینہ کی ریاست اور نیا پاکستان میں شہریوں کا خیال رکھا جارہاہے۔ پرانے پاکستان میں سیاسی دباؤ اور اثر ورسوخ رکھنے والے لوگوں کو قرضے دیئے جاتے تھے جبکہ موجودہ حکومت میں عام آدمی بھی قرض حاصل کرسکتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ 20لاکھ روپے کا قرضہ عام آدمی کو دیا جا رہا ہے۔ایسی سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے جس میں عام آدمی پر سرمایہ کاری ہورہی ہے۔بجٹ میں عام آدمی اور کسان کی حالت بہتر کرنے پر زور دیا گیا۔اوورسیز پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے،ملک مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔
گفتگو کے دوران رکنِ قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا کہ آج پاکستان خودمختار ریاست کی شکل میں اپنے عوام اور مستقبل کے فیصلے کررہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انکار کیا جائے اور ملک کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔امریکہ سے برابری کی سطح پر تعلقات بڑھائیں گے لیکن کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم سے کوئی ڈومور کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ اب حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ مودی بنگال میں شکست کھانے کے بعد فرار پر مجبور ہو رہا ہے۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے 5 اگست 2019 سے پہلے کی صورت میں بحال کیا جائے۔جبکہ تنازعۂ کشمیر دو ممالک کا مسئلہ نہیں۔
رکنِ قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل مسئلۂ کشمیر کے گارنٹر ہیں۔پاکستان کا دنیا کے امن کے حوالے سے واضح مؤقف ہے۔احساس پروگرام کے تحت افغان مہاجرین کے 1 لاکھ 17 ہزار خاندانوں کو 12 ہزار روپے ماہانہ دیئے گئے۔قانون سے بالاتر سمجھنے والوں کو پیغام ہے کہ کچھ بھی ہو جائے، خیانت کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے کچھ لوگوں کی جائیدادیں نیلام ہو چکی ہیں۔اب ایسا پاکستان بنے گا جس پر آنے والی نسلیں فخر کر سکیں گی۔حکومت اپوزیشن کو کہتی ہے کہ پارلیمان آکر قانون سازی کریں۔اگر اپوزیشن پارلیمان آئے تو حکومت سے مل کر لوٹ مار کرنے والوں کو نشان عبرت بنائے۔کوشش ہے ایسے قانون ہوں جن میں امیر اور غریب کا فرق نہ ہو۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ مودی کے جبر کا سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہمارا ہمسایہ ملک بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو رہا ہے۔ بھارت کوئی سیکولر ملک نہیں، یہ ملک اسلام سمیت دُنیا بھر کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے۔ اگر دنیا نے بھارت کو سنجیدہ ریاست کے طور پر کام کرنے کی ہدایت نہ کی تو دنیا کے امن کو خطرہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کی نام نہاد آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی