اسلام آباد: سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017ء کا ترمیمی مسوّدہ تیار کر لیا ہے جس کی منظوری عدالتی فیصلے سے مشروط ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی قیات میں پاکستان تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخابات کی حامی ہے جس کیلئے الیکشن ایکٹ 2017ء میں تمام تر ضروری ترامیم کر لی گئی ہیں۔
الیکشن ایکٹ 2017ء کے ترمیمی بل کا اجراء صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی رائے سے مشروط ہوگا۔ اگر عدالت نے ترامیم کو قانونی قرار دے دیا تو آرڈیننس فوری جاری کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے ترمیمی بل پیش کر دیا گیا۔ اس موقع پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور احتجاج کیا۔
اپوزیشن نے 3 روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی پر جانبداری کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ ایوان تحریک انصاف کا نہیں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کا ہے۔ اپوزیشن کے ارکان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال سے نظر انداز کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کے مائیک بھی بند کرا دیئے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے ترمیمی بل پیش