اسمبلی اجلاس میں تصادم، پی ٹی آئی رکن نے ن لیگی ممبر کے منہ پر تھپڑ جڑ دیا

کالمز

Role of Jinn and Magic in Israel-Iran War
اسرائیل ایران جنگ میں جنات اور جادو کا کردار
zia
ترکی کا پیمانۂ صبر لبریز، اب کیا ہوگا؟
zia
جنوبی شام پر اسرائیلی قبضے کی تیاری؟
فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اُس وقت بدنظمی کا شکار ہو گیا جب اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی، جہاں اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن احسان ریاض کو تھپڑ مار دیا، جس کے بعد اجلاس کو 5 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خالد نثار ڈوگر اپنی نشست سے اٹھ کر مسلم لیگ (ن) کے رکن احسان ریاض کے پاس پہنچے اور انہیں منہ پر تھپڑ دے مارا، اچانک اس حملے سے ایوان میں شدید شور شرابا شروع ہو گیا۔

واقعے کے دوران صوبائی وزیر ذیشان رفیق بھی ہاتھا پائی میں کود پڑے، وزیـر قانون صہیب بھرتھ، عاشق کرمانی اور دیگر ارکان بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے رہے تاہم ماحول بدستور کشیدہ رہا۔

قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے صورتحال کو قابو میں لانے کی متعدد بار کوشش کی اور ارکان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی، تاہم بد نظمی جاری رہنے پر انہوں نے اجلاس 5 منٹ کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ جون میں ایوان میں اپوزیشن ارکان کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا۔

جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی گئی تھی۔

تاہم، 26 معطل ارکان کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی، قائمقام اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے نوٹیفکیشن جاری کر کے اپوزیشن اراکین کو ایوان میں لانے کی ہدایت کی تھی۔

مذاکرات کے بعد بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نازیبا الفاظ کا استعمال نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایتھکس کمیٹی کے فیصلے سپریم ہوں گے، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن احتجاج آئین کے مطابق کیا جائے گا۔

Related Posts