مایہ ناز اداکارہ نشو بیگم ایک دل گرفتہ ویڈیو پیغام میں اپنے داماد کے اچانک انتقال کی خبر دیتے ہوئے زار و قطار رو پڑیں۔
اداکارہ نشو بیگم نے یوٹیوب پر جاری وی لاگ میں نم آنکھوں اور رندھی ہوئی آواز کے ساتھ بتایا کہ 22 جولائی کی رات اُن کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک رات قبل ہی میں اپنی چھوٹی بیٹی عائشہ کے شوہر علی رضا سے مل کر آئی تھی اور صبح اس کے انتقال کی اندوہناک خبر سنی ہے۔
نشو بیگم نے بتایا کہ علی رضا معروف اداکارہ میڈم فردوس کے صاحبزادے اور صرف 47برس کے تھے۔ موت برحق ہے، لیکن جوان موت دل چیر دیتی ہے۔
اداکارہ نشو نے اپنے داماد کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی اور بتایا کہ علی رضا کو ان کی والدہ اداکارہ فردوس کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔
اس دل سوز موقع پر شوبز انڈسٹری سمیت ان کے مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جہاں پرستار اور ساتھی فنکار ان کے لیے تعزیتی پیغامات دے رہے ہیں۔