بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کو اپنی نئی فلم دھرندر کی شوٹنگ کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر بھارتی سیاسی رہنماؤں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل اور بائیکاٹ کی مہم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ کے ایک گاؤں میں جاری ہے، جہاں سے ایک مختصر ویڈیو اور چند تصاویر وائرل ہوئیں جن میں رنویر سنگھ کو منفی کردار میں دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں وہ لمبے بالوں اور سرمے سے سجی آنکھوں کے ساتھ ولن کے روپ میں نظر آتے ہیں، جب کہ پس منظر میں ایک دیوار پر پاکستانی پرچم ہوا میں لہراتا دکھائی دیتا ہے۔
https://www.facebook.com/reel/1229543268487102
یہ ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی بھارتی صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور فلم کی ٹیم، بالخصوص رنویر سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کی مہم چھیڑ دی۔ کئی افراد نے سوال اٹھایا کہ بھارت میں دشمن ملک پاکستان کا پرچم کیسے لہرایا جا سکتا ہے، چاہے وہ فلمی سیٹ ہی کیوں نہ ہو۔
بعض صارفین نے براہ راست مودی حکومت اور متعلقہ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اگر یہ فلم پاکستان مخالف ہے تو اس میں پاکستانی پرچم کو اس انداز میں دکھانے کی اجازت دینا ناقابلِ قبول ہے۔
ابھی تک رنویر سنگھ یا فلم کے پروڈیوسرز کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔