کراچی میں اغوا ہونیوالا بچہ بھیک مانگتا ہوا بازیاب، سفاک گروہ بے نقاب، دل دہلادینے والی ویڈیو

مقبول خبریں

کالمز

"Conspiracies of the Elites Exposed!"
پینشن نہیں، پوزیشن؛ سینئر پروفیشنلز کو ورک فورس میں رکھنے کی ضرورت
Role of Jinn and Magic in Israel-Iran War
اسرائیل ایران جنگ میں جنات اور جادو کا کردار
zia
ترکی کا پیمانۂ صبر لبریز، اب کیا ہوگا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ONLINE

کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت جذباتی مناظر میں بدل گیا جب تین ماہ قبل لاپتا ہونے والا معصوم بچہ اچانک ایک مسجد کے باہر بھیک مانگتے ہوئے مل گیا۔

اہل علاقہ کی بروقت کارروائی اور بچے کے چچا کی پہچان نے پولیس کو ایک ایسے سفاک گروہ تک پہنچنے میں مدد دی جو معصوم بچوں کو اغوا کر کے ان سے بھیک منگواتا ہے۔

تین سالہ حسین علی 5 مئی 2025 کو شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 17اے  سے لاپتا ہوا تھا۔ والدین نے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا، لیکن کئی ہفتوں کی تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ ملا۔

بالآخر 20 جولائی کی شب اُس وقت حیران کن صورتحال پیدا ہوئی جب حسین کا چچا نمازِ عشاء کے بعد فاروق اعظم مسجد (سیکٹر 16اے) سے باہر نکلا تو اس کی نظر ایک مانوس چہرے پر پڑی وہ بھیک مانگتا بچہ دراصل حسین علی تھا۔

 

بچے کے ساتھ موجود مشکوک شخص کو اہل علاقہ نے موقع پر دبوچ لیا اور فوری طور پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت شہریار ولد مشتاق حسین کے طور پر کی ہے، جو ابتدائی تفتیش کے دوران یہ اعتراف کر چکا ہے کہ اُسے بچہ اُس کے سسر سلطان نے دیا تھا تاکہ وہ اُسے بھیک منگوانے کے لیے استعمال کرے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرا کے والدین کے حوالے کر دیا۔ اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث تمام مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ کوئی اور بچہ ایسی درندگی کا شکار نہ ہو۔

پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ بچوں کے اغوا اور جبری بھیک منگوانے والے منظم گروہ کی کارستانی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تمام محرکات اور ملوث افراد کی مکمل چھان بین کر رہی ہے، اور جلد ہی اس نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

یہ واقعہ نہ صرف ایک ماں باپ کے لیے جذباتی لمحہ تھا، بلکہ پورے شہر کے لیے ایک لمحۂ فکریہ بھی ہے کہ کس طرح ہمارے گلی محلوں میں معصوم بچے جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے کو دیں تاکہ ایسے گھناؤنے جرائم کو روکا جا سکے۔

Related Posts