پاکستان ایئر فورس نے عالمی سطح پر ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے اور باوقار فوجی فضائی شورائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں دو اہم اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔
یہ بین الاقوامی شو برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئر فورڈ میں 18 سے 20 جولائی تک منعقد ہوا، جہاں دنیا بھر کی فضائی افواج نے اپنے جدید طیاروں اور مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کا تاریخی سی 130 ایچ ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ اپنی منفرد پیشکش، تخلیقی ڈیزائن اور حب الوطنی سے بھرپور سجاوٹ کے باعث کنکور ڈی ایلیگنس ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہا جو اس شو کا سب سے اعلیٰ اور خوبصورتی پر مبنی اعزاز تصور کیا جاتا ہے۔
The Pakistan Air Force’s PAC JF-17C Block III has received the top honor, the Spirit of the Meet Trophy, at the Royal International Air Tattoo (RIAT) 2025. pic.twitter.com/2PXrqtsH11
— International Defence Analysis (@Defence_IDA) July 19, 2025
دوسری جانب پاکستان کا جدید لڑاکا طیارہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری نہ صرف اپنی دلکش رنگت بلکہ فضائی صلاحیتوں کی بنیاد پر اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوا۔
اس طیارے نے دورانِ پرواز ایندھن بھرنے جیسے مشکل اور تکنیکی عمل کو بخوبی مکمل کرتے ہوئے براہ راست برطانیہ پہنچنے کا کارنامہ انجام دیا جس نے بین الاقوامی ماہرین کو حیران کر دیا۔
پاکستان ایئر فورس کے دونوں طیارے سی 130 اور جے ایف17 تربیت یافتہ اور پرعزم فضائی عملے کے ساتھ فضائی راستے سے برطانیہ پہنچے اور شو کے دوران پاکستان کی فنی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ برتری کو دنیا کے سامنے نمایاں طور پر پیش کیا۔
یہ بین الاقوامی شو نہ صرف عسکری صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ رائل ایئر فورس چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذریعے فلاحی مقاصد کے لیے بھی منعقد کیا جاتا ہے جس میں ہر سال دنیا بھر کی افواج شرکت کرتی ہیں۔
پاکستان ایئر فورس کی اس عالمی سطح پر پذیرائی نے نہ صرف پاکستان کا وقار بلند کیا ہے بلکہ یہ ثابت کیا ہے کہ پی اے ایف ہر میدان میں جدید خطوط پر دنیا کی بڑی فضائی طاقتوں کے ہم پلہ ہے۔
ملک بھر میں عوام، دفاعی تجزیہ کاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس کامیابی پر پی اے ایف کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جو قوم کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے۔