نامور ہدایتکار مہیت سوری کی رومانوی فلم سیارا آج بھارت بھر کے 1750 سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے جو ریلیز سے قبل ہی مقبولیت حاصل کر چکی تھی۔
ایک طویل عرصے بعد بالی وڈ میں ایک خالص رومانوی فلم پیش کی گئی ہے جو ایکشن، ہارر،کامیڈی اور فارمولا فلموں کے تسلسل کے بعد ناظرین کے دلوں کو بھا گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شہرت کا بڑا سبب اس کا سحر انگیز ساؤنڈ ٹریک ہے، جسے مہیت سوری کے دیرینہ موسیقار ساتھی میتھون نے ترتیب دیا ہے۔ اس کے علاوہ فلم میں نوآموز اداکار آہان پانڈے اور انیت پڈا کی جوڑی کو بھی بے حد سراہا جا رہا ہے، جو اپنی پہلی فلم میں ہی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
شوبز کی کئی مشہور شخصیات نے سیارا کی تعریف کر کے اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ گلوکارہ پلک مُچھل نے فلم کی خصوصی نمائش کے بعد کہاکہ سیارا محض ایک محبت کی کہانی نہیں بلکہ جذبات، درد، شفا اور دائمی رشتے کا سفر ہے۔
انہوں نے محیت سوری کی ہدایتکاری کو سراہا اور ہیرو و ہیروئن کو اب تک کے سب سے باصلاحیت نوآموز اداکار قرار دیا جن کی اداکاری انہیں حقیقت سے قریب اور بے حد مؤثر محسوس ہوئی۔
فلمی صنعت کی دیگر شخصیات نے بھی فلم کی نہ صرف کہانی بلکہ اس کی تازہ اور قدرتی مارکیٹنگ حکمت عملی کی تعریف کی ہے۔
موجودہ دور میں جب فلموں کی پروموشن زبردست پی آر، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور مبالغہ آمیز باکس آفس دعوؤں پر منحصر ہوتی ہے، وہاں سیارا نے ایک سادہ مگر دل کو چھو لینے والی موسیقی پر مبنی مہم کے ذریعے اپنی جگہ بنائی ہے۔
فلم اینمل کے ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا نے ٹریلر جاری ہونے کے بعد اپنی خوشی کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ ایک ہندی دل کی دھڑکن جیسی محبت کی کہانی دیکھ کر خوشی ہوئی، جو مکمل طور پر رومانس اور جذبات پر مبنی ہے۔ پہلے دن کا انتظار ہے۔ نئے اداکاروں کے لیے نیک تمنائیں۔ یہ سب مہیت سوری کے جادو کا نتیجہ ہے۔
مشہور فلم ساز ہنسل مہتا نے بھی مہیت سوری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور رومانوی کہانیوں کے لیے ان کے جذبے کی تعریف کی۔