بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، یہ تمام میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور یہ تینوں میچز رات کے وقت منعقد ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم پہلے ہی ڈھاکہ پہنچ چکی ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم جمعرات کے روز کولمبو سے وطن واپس آئی، جہاں انہوں نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیتی۔
یہ کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب بنگلہ دیش ابتدائی میچ ہار چکا تھا مگر اگلے دو میچز جیت کر سیریز اپنے نام کی۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان لٹن داس نے مسلسل دوسری بیرونِ ملک ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل وہ دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین صفر سے کامیاب سیریز کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
بنگلہ دیشی بلے بازوں کی حالیہ کارکردگی قابلِ ذکر رہی ہے، جن میں تنزید حسن، لٹن داس، توحید ہریدؤی اور شميم حسین نے سری لنکا کے خلاف اہم اننگز کھیلیں۔
بالنگ کے شعبے میں آف اسپنر مہدی حسن نے تیسرے میچ میں 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رشاد حسین اور مستفیض الرحمان نے بھی سیریز میں فی اوور چھ رنز سے کم کی شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ بالنگ کی۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی اور جون میں بنگلہ دیش کو پاکستان کے ہاتھوں لاہور میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 22 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 19 پاکستان نے جیتے ہیں اور صرف تین میچز بنگلہ دیش کے نام رہے۔
بارشوں کے موجودہ موسم کے باعث ڈھاکہ کی پچز کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ مون سون کے سبب شہر میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ درج ذیل ہے، لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمان، محمد نعیم، توحید ہریدؤی، جاکر علی، شميم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، مہدی حسن، نسیم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین۔